طلبہ سے صفائی کرانے پر پابندی

 صفائی کرانے والے اساتذہ اور ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی،عملدر آمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلبہ سے صفائی کرانے پر پابندی عائد کردی گئی، محکمہ سکول ایجوکیشن نے بچوں کو جھاڑو لگانے، فرش دھونے اور کچرا اٹھانے سے روکنے کی ہدایت کردی، طلبہ سے صفائی کرانے والے اساتذہ اور سکول ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔ سکول سربراہان کو صفائی کے متبادل انتظامات یقینی بنانے اور سات روز میں عملدر آمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا۔سرکاری سکولوں میں بچوں سے صفائی کروانے کا سلسلہ بند کرنے کا حکم۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے طلبہ کو جھاڑو لگانے، فرش دھونے اور کچرا اٹھانے سے روک دیا۔ محکمہ کے مطابق طلبہ کو صفائی کے کاموں میں شامل کرنا تعلیمی اداروں کے بنیادی مقصد کے خلاف ہے۔ سکولوں میں صفائی کے لیے مختص عملہ یا متبادل انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکول سربراہان کو صفائی کے انتظامات کا ذمہ دار قرار دے دیا، طلبہ سے صفائی کرانے والے اساتذہ اور دیگر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی، ہدایات پر عملدر آمد یقینی بنانے کے لیے سکولوں کے اچانک معائنے بھی ہوں گے، تمام سی ای اوز ایجوکیشن اتھارٹیز کو سات روز میں عملدر آمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے صفائی سے متعلق پابندی کا نوٹیفکیشن تمام سرکاری سکولوں کے نوٹس بورڈز پر آویزاں کرنے کا حکم بھی دے دیا۔