کراچی : غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن، 143عمارتیں سیل

کراچی(آئی این پی ) سندھ میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر فوری روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے شہر بھر میں 143 غیر قانونی عمارتیں سیل کردی گئیں۔تفصیل کے مطابق کراچی ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے افسوسناک واقعے کے بعد سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ جس کے تحت صوبے بھر بالخصوص کراچی میں غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈان شروع کرتے ہوئے 143 زیرِ تعمیر عمارتوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی 6 منزلہ عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔حادثے کے وقت عمارت میں کام کرنے والے متعدد مزدور اب بھی لاپتہ ہیں، جبکہ متاثرہ اہلِ خانہ آنکھوں میں امید لیے ملبے کے پاس بیٹھے کسی معجزے اور اپنے پیاروں کے زندہ بچ نکلنے کے منتظر ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے ) نے ایڈمن سوسائٹی، اطراف کے علاقوں اور شہر بھر میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔کمشنر کراچی حسن نقوی کے مطابق شہر کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 143 غیر قانونی اور غیر مجاز زیرِ تعمیر عمارتیں سیل کی گئی ہیں۔جن میں ضلع جنوبی میں 36 ، ضلع شرقی میں 35  ، ضلع وسطی میں 20 ، ضلع غربی میں 12 ، ضلع ملیر میں 7  اور ضلع کیماڑی میں 4 عمارتیں شامل ہیں۔کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔ایڈمن سوسائٹی اور گردونواح میں غیر قانونی عمارتوں کو سیل کرنے کے بعد مسمار کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔