ریاض (آئی این پی )سعودی حکام نے ریاض شہر میں ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیاہے،جس پر بھیک مانگنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبا ر کی رپورٹ کے مطابق ریاض کے علاقے میں سیکیورٹی گشت پر مامور اہلکاروں نے بھیک مانگنے میں ملوث ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے عطیات سرکاری اور مجاز پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی دیں، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ امداد ان لوگوں تک پہنچے جو واقعی اس کے حقدار ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی وزارت داخلہ کی جانب سے بھیک مانگنے کے عمل کو اس کی تمام تر اشکال اور صورتوں میں ختم کرنے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔