پشاور ہائیکورٹ: زیر التوا مقدمات کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرگئی

 9ہزار 523رٹ پٹیشنز دائر ہونے سے عدالتوں پر مقدمات کا دباو بڑھ گیا 
پشاور (آئی این پی )پشاور ہائی کورٹ اور مختلف عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 15 ہزار 500  تک پہنچ گئی، جبکہ صرف 40 روز کے دوران 9 ہزار 523 رٹ پٹیشنز دائر ہونے سے عدالتوں پر مقدمات کا دبا مزید بڑھ گیا ہے۔دستاویز کے مطابق 40 روز کے دوران توہین عدالت کے 723 جبکہ ایک ہزار 737 کریمنل مقدمات دائر کئے گئے، اسی عرصے میں ضمانت کی 344 درخواستیں اور سول ریویژن کے 2 ہزار 890 نئے مقدمات بھی عدالتوں میں دائر ہوئے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 12 نومبر سے اب تک ایک ہزار 402 مقدمات کے فیصلے کیے جا چکے ہیں، تاہم بڑی تعداد میں مقدمات تاحال زیر التوا ہیں۔سرکاری محکموں سے متعلق مقدمات کی تفصیلات کے مطابق محکمہ معدنیات 135 زیر التوا مقدمات کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے خلاف یا اس سے متعلق 72 مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔اسی طرح کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) کے 55، ڈپٹی کمشنر بنوں آفس کے 50 اور ڈپٹی کمشنر ہری پور آفس کے 51 مقدمات فیصلوں کے منتظر ہیں۔دستاویز کے مطابق ضم اضلاع کے ڈائریکٹوریٹ کے خلاف 50 جبکہ پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے 47 مقدمات بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔عدالتی اعداد و شمار کے مطابق مقدمات کی بڑی تعداد زیر التوا ہونے سے عدالتی نظام پر دبائو میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مختلف سرکاری محکموں سے متعلق کیسز بھی زیر التوا مقدمات میں نمایاں حصہ رکھتے ہیں۔