آئینی بینچ کا سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیاں کیس میں صوبائب حکومت اور کے ایم سی پر اظہاربرہمی،حکم امتناع میں 4 دسمبر تک توسیع
کراچی(آئی این پی )سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دئیے ہیں کہ سب معلوم ہے سندھ حکومت میں کیا ہورہا ہے وہاں شفافیت سے کام کیا نہیں جاتا اور اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈال دیا جاتا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ( کے ایم سی) پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم امتناع میں 4 دسمبر تک توسیع کردی ہے۔سماعت کے دوران کے ایم سی اور دیگر فریقین کی جانب سے جوابات عدالت میں جمع کرادئیے گئے۔ کے ایم سی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکم امتناع کے باعث تمام ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں، جس سے شہری مسائل پیدا ہورہے ہیں۔اس موقع پر جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دئیے کہ کام رکنے کے ذمہ دار بھی آپ لوگ خود ہیں۔ سندھ حکومت میں کیا کچھ ہورہا ہے عدالت کو سب معلوم ہے۔ آپ خود شفافیت سے کام نہیں کرتے اور پھر عدالتوں کو برا بھلا کہتے ہیں۔ اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈال دیتے ہیں۔جسٹس سلیم جیسر نے مزید ریمارکس دئیے کہ سندھ حکومت جس پر مہربان ہوتی ہے، اس پر سب کچھ نچھاور کردیتی ہے جب کہ جس کے خلاف ہوتی ہے اس کے لیے کچھ نہیں کرتی اس طرح عدالتوں کا وقت بھی ضائع کیا جاتا ہے۔درخواست گزار کمپنی کے وکیل علی حسن نے موقف اختیار کیا کہ ان کی موکل کمپنی کو ٹھیکہ دینے سے انکار کیا گیا جب کہ اسی قیمت پر دوسری کمپنی کو ٹھیکہ دے دیا یا۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود ان کی بولیاں مسترد کی گئیں، مختلف تجربے اور تکنیکی صلاحیتوں کی حامل کمپنیوں کو یکساں طور پر نظرانداز کیا گیا، تکنیکی اعتبار سے درست بولیوں کو مسترد کرنا جانبدارانہ کارروائی کا ثبوت ہے۔وکیل درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ بولیوں کی جانچ پڑتال کے دوران سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (سپرا ) کے قواعد و قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے استدعا کی کہ ٹینڈرز کی بولیوں کی جانچ پڑتال کا عمل ازسرنو شروع کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے درخواست گزاروں کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک ٹینڈرز اور بولیوں پر حکم امتناع برقرار رکھنے اور ان کی موجودہ صورتِ حال برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم امتناع میں 4 دسمبر تک توسیع کردی۔