پاکستان سٹیل ملز نے قومی خزانے پر 79.3 ارب روپے کا بوجھ ڈال دیا

تین سال کے دوران  57.4 ارب    قرضوں پر سود کی ادائیگی میں خرچ ‘رواں  مالی سال کا  خسارہ  24 ارب روپے رہا:وزار ت صنعت
اسلام آباد (  آن لائن)  پاکستان سٹیل ملز نے گزشتہ تین مالی سالوں کے دوران قومی خزانے پر 79.3 ارب روپے کا بوجھ ڈال دیا ہے۔ وزارتِ صنعت کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2023-24 سے 2025-26 تک اس بند یونٹ کا مجموعی نقصان 79.3 ارب روپے رہا۔ اس میں سے تقریباً 57.4 ارب روپے   قرضوں پر سود کی ادائیگی میں خرچ ہوئے۔ جبکہ مالی سال 2025-26 میں اکیلے 24 ارب روپے کا نقصان ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ مالی سال میں سود کی ادائیگی 17.7 ارب روپے رہی، جس میں 11.8 ارب روپے حکومتی قرضوں اور 5.2 ارب روپے کمرشل بینکوں کے قرضوں پر ادا کیے گئے۔ سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ (سی ایم یو) کے مطابق مالی سال 2024-25 تک مل پر 108 ارب روپے کا کیش ڈیولپمنٹ لون واجب الادا تھا، جس پر سالانہ تقریباً 11.5 ارب روپے سود عائد ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ 40 ارب روپے سے زائد بینک قرضے بھی ہیں۔