کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں واقع ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے 54 گھنٹے بعد نوجوان معجزاتی طور پر زندہ مل گیا‘ امدادی کاموں کے دوران ریسکیو رضاکاروں نے جب ایک پتھر توڑا تو اندر سے نوجوان کی آواز آئی۔ملبے سے نکلنے والے نوجوان کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی جو ماربل کا کاریگر اور کراچی کے علاقے گولیمار کا رہائشی ہے۔ نوجوان کی گمشدگی کے بعد اہل خانہ اور بھائی عمارت کے ملبے کے پاس موجود تھے۔عادل کے باہر آنے پر وہاں موجود لوگوں نے اللہ اکبر کے نعرے لگائے جبکہ اس دوران انتہائی جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔