صوبے بنانے ہیں تو ریفرنڈم کرالیا جائے:ندیم افضل چن

لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی  کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے  صوبے بنانے کی ضرورت نہیں ہے اگر بنانے ہیں تو ریفرنڈم کروالیا جائے۔لاہور میں پنجابی زبان، ثقافت اور علاقائی مسائل پر منعقدہ کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رہنما پی پی پی ندیم افضل چن نے کہا کہ ہم نسل در نسل پنجابی ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ جتنے بھی طاقت ور لوگ گزرے ہیں، ان کا تعلق پنجاب سے تھا، تاہم آج ہمیں اپنے گھروں اور روایات میں بھی پنجابی بولنے پر شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔ پنجابی ثقافت کمزور کرنے میں ہمارا اپنا اور طاقت ور اشرافیہ طبقے کا قصور ہے جبکہ سکھوں نے پنجابی ثقافت کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ سیاسی جماعتوں اور اشرافیہ نے کبھی واہگہ بارڈر کے ساتھ جگہ صاف کروانے کی بات نہیں کی۔انہوں نے تجویز دی  پنجاب کا بارڈر کھول دیا جائے توبھارت میں بھوک رہے گی نہ ہی پاکستان میں۔ انہوں نے کہا اگر واہگہ بارڈر پر یونیورسٹی بنانے کی اجازت دی جائے  تو وہ یونیورسٹی کی تعمیر کے تمام اخراجات خود اٹھانے کوتیار ہیں۔انہوں نے کہا نوجوان اور اہل دانش درباری بننے کے بجائے باغی بنیں۔