اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر وزیراعظم راناثنااللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ہم بطورقوم اور ملک اچھے کام کررہے ہیں،خلا تک پہنچ چکے ہیں، ہمیں دنیا میں امن کے پاسبان کے طور پر دیکھا جاتا ہے، ہم نے امریکا ایران جنگ بندی کرائی، امریکا ایران جنگ کو تیسری جنگ عظیم میں بدلنے سے روکا، ہم نے عالم اسلام کا اتحاد مؤثر کر کے دکھایا، کون سوچ سکتا تھاکہ سعودی عرب کی قیادت ایران آئے گی، کون سوچ سکتا تھا کہ ترکیہ ایران آئے گا، اللہ تعالیٰ نے ملک وقوم کو فخر سے نوازا،معرکہ حق میں کامیابی دی۔ سیاسی محاذ پر وزیراعظم اور عسکری محاذ پر فیلڈ مارشل نے لیڈ کیا، گورننس کے نظام پرسیاسی جماعتیں متفق نہیں ہوسکیں، سیاسی جماعتوں اور دیگر نے صورتحال کو کنفیوژ کیاہے، ہم ساتھ ملکربیٹھ جائیں تو معاملہ آسانی سے حل ہو سکتا ہے، ہم ایک طرف دنیا پر چھائے ہوئے ہیں،لیکن اپنے گھر میں مسائل کا شکار ہیں، صوبوں پرپارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے، این ایف سی کے تحت وفاق سے صوبوں کو پیسے جاتے ہیں، پی ایف سی کے تحت پیسے صوبوں سے یوسیز کو کیوں نہ ملیں؟ میں نے ذمہ داران کی بات کی توسب سے پہلی ذمہ داری سیاسی جماعتوں پرڈالی، پی ایف سی ایوارڈہوناچاہیے،اس کے بغیرکام آگے نہیں چلے گا، خودمختار بلدیاتی نظام ہوناچاہیے۔ صدر اور نوازشریف ملاقات میں بنیادی اصول طے ہو سکتاہے،فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوناہے، بنیادی اصول یہ طے ہونا چاہیے کہ چاروں صوبوں میں پی ایف سی ہوناچاہیے، بلدیاتی نظام خودمختار بنانیکی تجاویز پر اتفاق رائے ہونا چاہیے، انتظامی یونٹس،نئے صوبے اور کچھ علاقوں کو فیڈریشن کے تحت کرنے کیلئے اتفاق ہوناچاہیے، صوبوں اور ریفرنڈم کا فیصلہ کسی سیمینارمیں نہیں،پارلیمنٹ میں ہوناہے۔