پنجاب کی ماحولیاتی کامیابیوں کا عالمی اعتراف

 رفیع صحرائی
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست اقدامات کی وجہ سے انہیں نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ (NST) کی جانب سے عالمی ماحولیاتی اجلاس میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ دعوت بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ کسی بھی حکومت کی کارکردگی کا اصل پیمانہ محض بلند بانگ دعوے، اخباری اشتہارات یا سیاسی جلسوں میں کیے جانے والے اعلانات نہیں ہوتے بلکہ اس کے عملی اقدامات اور عوام کی زندگی میں آنے والی مثبت تبدیلیاں ہوتی ہیں۔ جب کسی حکومت کے اقدامات کو ملکی حدود سے باہر بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جائے تو یہ نہ صرف اس حکومت کے لیے اعزاز ہوتا ہے بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر بن جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ (NST) کی جانب سے عالمی ماحولیاتی اجلاس میں شرکت اور خطاب کی دعوت ملنا بھی اسی تناظر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ، نوبل انعام دینے والی اصل کمیٹیوں سے الگ ایک ادارہ ہے۔ تاہم پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والے اس بین الاقوامی ادارے کی جانب سے کسی حکومتی سربراہ کو دعوت ملنا یقیناً ایک قابلِ ذکر پیش رفت ہے۔ اطلاعات کے مطابق مریم نواز شریف کو 30 نومبر 2026ء￿  کو ہانگ کانگ میں منعقد ہونے والے عالمی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ دعوت ادارے کے چیئرمین پیٹر نوبل کی جانب سے دی گئی ہے۔ اس اجلاس میں دنیا بھر سے ماحولیاتی ماہرین، پالیسی ساز، حکومتی نمائندگان اور مختلف شعبوں کی اہم شخصیات شریک ہوں گی۔
اس دعوت کی اہمیت محض ایک بین الاقوامی تقریب میں شرکت تک محدود نہیں، بلکہ یہ پنجاب میں ماحول دوست اقدامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا ایک سنہری موقع بھی ہے۔ پاکستان درحقیقت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، غیر معمولی بارشیں، سیلاب، خشک سالی، فضائی آلودگی اور اسموگ ہمارے لیے سنگین چیلنج بن چکے ہیں۔ ایسے حالات میں ماحولیاتی تحفظ کو حکومتی ترجیحات میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مریم نواز حکومت نے اس سلسلے میں بعض ایسے اقدامات کیے ہیں جنہیں عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل ہوئی ہے۔
پنجاب میں ماحول دوست گرین بسوں کا آغاز اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ شہروں میں ٹرانسپورٹ کا بڑھتا ہوا دباؤ، گاڑیوں کا دھواں اور ایندھن کا بے دریغ استعمال فضائی آلودگی میں اضافے کا بڑا سبب ہیں۔ جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ سے نہ صرف شہریوں کو سفری سہولت ملتی ہے بلکہ نجی گاڑیوں پر انحصار کم کرنے اور آلودگی میں کمی کے امکانات بھی پیدا ہوتے ہیں۔ اسی طرح سرکاری گاڑیوں کی خریداری میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں پر پابندی کا فیصلہ بھی مستقبل کی ماحول دوست پالیسی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
اس سلسلے میں ایک مثبت اور اہم کام حکومت پنجاب کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون بجٹ کا ایک فیصد ماحولیاتی تحفظ کے لیے مختص کرنے کا غیر معمولی اہمیت کا حامل فیصلہ بھی ہے۔ یہ فیصلہ اس حقیقت پر مبنی ہے کہ ترقی کا تصور صرف سڑکوں، پلوں، عمارتوں اور میٹرو منصوبوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ ترقی وہی پائیدار ہوتی ہے جس میں انسانی صحت، قدرتی وسائل اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔ اگر ہر ترقیاتی منصوبے میں ماحولیات کو بنیادی اہمیت دی جائے تو اس کے دور رس نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
اسی سلسلے کی ایک اور کڑی پنجاب میں ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کے لیے انوائرمنٹ پروٹیکشن فورس کا قیام، کلائمیٹ واچ کے ذریعے نگرانی، جنگلات کے تحفظ کے اقدامات اور وائلڈ لائف فورس کے قیام کے قابلِ تحسین اقدامات بھی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال اور موبائل ہسپتالوں کا قیام ایک قابلِ قدر پیش رفت ہے۔ یہ اقدامات اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ماحولیات کا تحفظ صرف درخت لگانے کا نام نہیں بلکہ اس میں جنگلی حیات، قدرتی مساکن، پانی، ہوا اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ بھی شامل ہے۔
یہ بھی درست ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے حکومت کی ذمہ داریاں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں اسموگ اور فضائی آلودگی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ فصلوں کی باقیات جلانے، گاڑیوں کے دھوئیں، صنعتی اخراج، اینٹوں کے بھٹوں اور تعمیراتی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مسلسل نگرانی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ صاف پانی کی فراہمی، شجرکاری، درختوں کی حفاظت، صنعتی فضلے کی مناسب تلفی اور شہری علاقوں میں سبز مقامات کا تحفظ بھی حکومتی ترجیحات میں شامل رہنا چاہیے۔
مریم نواز شریف کو ملنے والی اس دعوت کا ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ انہیں عالمی ماہرین کے سامنے پاکستان اور خصوصاً پنجاب کا ماحولیاتی مؤقف پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ وہ دنیا کو بتا سکتی ہیں کہ ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا کس طرح کر رہے ہیں اور انہیں ان مسائل سے نمٹنے کے لیے کس نوعیت کے عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔ میرے خیال میں مریم نواز شریف کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دنیا کو بتانا چاہیے کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں نسبتاً کم حصہ ہونے کے باوجود پاکستان کو ان تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کا زیادہ سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لہٰذا عالمی برادری کو ماحولیاتی انصاف اور موسمیاتی مالی معاونت کے معاملے میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کا ساتھ دینا چاہیے۔
اس موقع سے مزید فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب میں ماحول دوست ٹیکنالوجی، الیکٹرک ٹرانسپورٹ، قابلِ تجدید توانائی، جدید فضائی نگرانی کے نظام اور جنگلات کے تحفظ کے لیے عالمی تعاون بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کی اصل کامیابی تب ہوگی جب عالمی سطح پر ہونے والی ملاقاتیں عملی منصوبوں، سرمایہ کاری اور تکنیکی معاونت میں تبدیل ہوں گی۔
بلاشبہ مریم نواز شریف کی اس بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کی دعوت پنجاب حکومت کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن جہاں کوئی اچھا کام ہو وہاں اس کی تحسین کرنے میں بخل سے کام نہیں لینا چاہیے۔ حکومتوں کی کارکردگی کا غیر جانب دارانہ جائزہ اور مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی ایک صحت مند معاشرے کی پہچان ہے۔