تعلیمی ترقی اورتحقیقی کلچر کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون پر تیار،سلیم حیدر
لاہور (خصوصی رپورٹ)یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کا بارہواں جلسہ عطائے اسناد ایکسپو سنٹرمیں ہوا۔ صدارت گورنر پنجاب/چانسلر سلیم حیدر خان نے کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور سمیت مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، جامعہ کے سینڈیکیٹ ارکان ودیگر شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔گورنرنے طلبہ کو میڈلز اور اسناد سے نوازا۔ 38 پی ایچ ڈی، 777 ایم فل/ایم ایس/ایم بی اے اور 9481 انڈر و پوسٹ گریجوایٹس کو اسناد جبکہ 53 فارغ التحصیل طلبہ کو نمایاں پوزیشن پر میڈلز سے نوازا گیا، مجموعی طور پر 10296طلبہ کو اسنادعطا کی گئیں۔گورنر نے خطا ب میں ڈگریاں اور میڈلز لینے والے طلبہ اور والدین کو مبارکباد دی اور کہا یونیورسٹی آف ایجوکیشن نا صرف ہماری قوم کی تعلیم سے لگن کا نمونہ بلکہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ پر توجہ مبذول کرنیوالے نوجوانوں کی اولین ترجیح بھی ہے۔ ہم ملک کی تعلیمی ترقی،نظام اور تحقیقی کلچر کو بہترین بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون پر تیار ہیں، برق رفتار ترقی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے سٹیک ہولڈرز اور سکالرز کیلئے لازم ہو گیا ہے کہ وہ ترقی پسند اور اختراعی تحقیق میں دلچسپی لیں۔ اْمید ہے کہ ہماری جامعات بھی جلد دْنیا کی اعلیٰ درجے کی جامعات میں شامل ہونگی اور بیرونِ ممالک سے طلبہ یہاں داخلہ لینے کے خواہش مند ہونگے۔