پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے5لاکھ سے زائد افغانی بیرون ملک چلے گئے

افغان شہری اپنے آپ کو پاکستانی ظاہر کرکے جرائم میں ملوث رہے، جرائم افغان شہری کرتے رہے اور ان کو پاکستان کے کھاتے میں ڈالا جاتا رہا‘61 ممالک میں 21 ہزار 647 پاکستانی  قید ہیں
افغان شہری سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی بن کر جاتے رہے‘پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب میں پابندی لگتے لگتے بچی:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق میں  بریفنگ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘آن لائن) پانچ لاکھ سے زائد افغان شہریوں کا پاکستانی پاسپورٹس پر بیرون ملک مقیم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق میں سیکرٹری داخلہ نے بتایا افغان شہری سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی بن کر جاتے رہے۔وزارت داخلہ کے مطابق افغان شہری اپنے آپ کو پاکستانی ظاہر کرکے جرائم میں ملوث رہے، جرائم افغان شہری کرتے رہے اور ان کو پاکستان کے کھاتے میں ڈالا جاتا ہے۔سیکرٹری وزارتِ داخلہ نے کہا کہ پانچ لاکھ سے زائد افغان شہریوں کا ڈیٹا نادرا کے ذریعے نکالا گیا، اب ہم نے 18 سے 20 کروڑ پاکستانیوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل طور پر جمع کر لیا ہے۔وزارت خارجہ کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بریفنگ دینے کے دوران انکشاف کیا  61 ممالک میں 21 ہزار 647 پاکستانی  قید ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب میں پابندی لگتے لگتے بچی ہے، اگر پابندی لگ گئی تو اسے ہٹوانا مشکل ہوگا۔