3 لاکھ سے زائد پاکستانی بہتر مستقبل کیلئے بیرون ملک چلے گئے

سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب گئے، دوسرا نمبر متحدہ عرب امارات اور تیسرا قطر کا رہا
لاہور(آئی این پی) پاکستان میں خراب معاشی و سیاسی حالات کے باعث رواں سال مزید 3 لاکھ سے زائد پاکستانی بہتر مستقبل کیلئے بیرون ملک منتقل ہوگئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چھ ماہ (جنوری تا جون) کے دوران 3 لاکھ 17 ہزار 436 پاکستانی بیرون ملک روزگار کے لیے گئے، جن میں ڈاکٹرز، سافٹ ویئر انجینئرز، آئی ٹی ماہرین، پٹرولیم و مکینیکل انجینئرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ٹیکنیشنز شامل ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سرفہرست رہا جہاں ایک لاکھ 83 ہزار 951 پاکستانی روزگار کے لیے گئے، جبکہ متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر رہا جہاں 50 ہزار 773 افراد منتقل ہوئے۔ قطر 34 ہزار 25 افراد کے ساتھ تیسرے، بحرین 13 ہزار 329 اور ترکیہ 4 ہزار 673 ورکرز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ قبرص، یونان، برطانیہ اور ملائیشیا بھی پاکستانی ورکرز کے لیے اہم ممالک رہے