پی ٹی آئی کا احتجاج 9مئی سے کم نہیں تھا: شرجیل میمن

 پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں حکومت کا اختیارکھوچکی،بیگم صاحبہ بانی پی ٹی آئی سے دو ہاتھ آگے نکلیں
 بشریٰ بی بی ورکرز کے جذبات کو ابھارتی رہیں،انکا کردار بہت منفی رہا،وزیر اطلاعات سندھ کی پریس کانفرنس
کراچی(آئی  این پی  )وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج 9مئی سے کم نہیں تھا، اہم مواقع پر اس قسم کی کالز دینا اچھی روایت نہیں ، کسی کو گورنر راج کا مشورہ نہیں دوں گا لیکن سب نے دیکھا کہ پی ٹی آئی اس قابل نہیں کہ ان کو حکومت کرنی چاہیے، پی ٹی آئی اپنا یہ اختیار کھوچکی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں حکومت جاری رکھے ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گذشتہ تین روز سے جو ہورہا تھا وہ نہایت افسوسناک عمل ہے، اہم موقعوں پر پی ٹی آئی کی جانب سے ملک کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اس افسوسناک اقدام نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، اہم وقت میں اس قسم کی کالز دینا اچھی روایت نہیں، خیبرپختونخوا صوبے کی پوری مشینری استعمال کی گئی، پنجاب پولیس کو یرغمال بنایا گیا،تشدد کیا گیا، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں کو شہید کیا گیا، وفاقی حکومت نے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا، وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی کی لاشوں والی خواہش پوری نہیں ہونے دی۔شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے تھے میری بیگم صاحبہ غیر سیاسی ہیں، پی ٹی آئی کی بیگم صاحبہ بہت ہی سیاسی نکلیں،وہ بانی پی ٹی آئی سے دو ہاتھ آگے نکلیں، بشریٰ بی بی ورکرز کے جذبات کو ابھارتی رہیں، جب پولیس نے ایکشن شروع کیا تو سب سے پہلے علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی بھاگیں، ان کی یہ کال 9مئی سے کسی صورت کم نہیں تھیں، سب کیلئے یہ آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔