صدر زرداری نے ارتھ آور پر ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل کر دی

صدر زرداری نے ارتھ آور پر ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل کر دی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور کے موقع پر عوام سے ایک گھنٹہ روشنیاں بند کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ "Give an Hour for Earth" عوام کو اپنے طرزِ زندگی پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے، جبکہ ایک گھنٹے کی علامتی بندش عملی ماحولیاتی اقدامات کی ترغیب بھی دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور حالیہ سیلاب، گرمی کی لہریں اور خشک سالی بڑے چیلنجز ہیں۔ کسان بدلتے موسمی پیٹرن کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، اور شہروں میں بڑھتا درجہ حرارت بجلی کے نظام پر دباؤ پیدا کر رہا ہے۔صدر زرداری نے مزید کہا کہ پانی کی دستیابی میں کمی اور سیلاب سے انفراسٹرکچر متاثر ہو رہا ہے، اور اگرچہ پاکستان کا عالمی اخراج ایک فیصد سے بھی کم ہے، مگر خطرات بہت زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیرس معاہدے کے اہداف پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے اور صاف توانائی کی جانب منتقلی پر کام جاری ہے۔ گرین پاکستان پروگرام کے ذریعے جنگلات میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔آخر میں صدر زرداری نے کہا کہ ارتھ آور کے موقع پر ہر فرد کو اپنے ماحولیاتی اثرات کم کرنے کی ضرورت ہے اور عوام سے توانائی بچانے اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی اپیل کی۔