دنیا مغرب کے بعد اور ہم آدھی رات کو بازار بند کرتے ہیں:خواجہ آصف

 اسلام آباد (آئی این پی ) وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا تاجر برادری کے کاروباری اوقات پر بڑا سوال اٹھاتے ہوئے کہا  ہے کہ دنیا مغرب کے بعد بازار بند کرتی ہے، ہم آدھی رات تک بجلی چوری کر کے کاروبار کرتے ہیں۔تفصیل کے مطابق  خواجہ آصف نے ملک میں جاری توانائی کے بحران اور تاجر برادری کے کاروباری اوقات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک بن چکا ہے جہاں بازار دوپہر کے بعد کھلتے اور نصف رات کے بعد بند ہوتے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے افسوس کا اظہار کیا  کئی بار اس مسئلے کو ہر سطح پر اٹھایا گیا، لیکن تاجروں کی سیاسی و معاشی طاقت کے سامنے حکومتیں ہمیشہ بے بس نظر آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف برسوں سے بجلی کی کمی کا رونا رویا جاتا ہے، تو دوسری طرف بجلی چوری کو اپنا حق سمجھ کر کیا جاتا ہے۔وزیرِ دفاع نے سورج کی قدرتی روشنی سے فائدہ نہ اٹھانے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہااللہ تعالی نے ہمیں بارہ مہینے بھرپور سورج کی روشنی سے نوازا ہے، لیکن ہم اس پر بضد ہیں کہ اپنا کاروبار رات کے اندھیرے میں مصنوعی بجلی کی روشنی میں ہی کریں گے