پشاور(آئی این پی ) بولان میں دہشت گرد حملے کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال ہوگئی۔ ٹرین کو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر امیر مقام اور ریلوے حکام کی موجودگی میں پشاور کینٹ ریلوے سٹیشن سے کوئٹہ کیلئے روانہ کیا گیا۔جعفر ایکسپریس پشاور سے روانہ ہو کر پنجاب، سندھ اور پھر بلوچستان سے ہوتی ہوئی 34 گھنٹے کے سفر کے بعد آج شام کوئٹہ پہنچے گی، جعفر ایکسپریس میں سفر کیلئے 280 مسافروں نے ریزرویشن حاصل کی ہے، پشاور سے 28 مسافر روانہ ہوئے۔ ٹرین کی روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش تھی کہ جعفر ایکسپریس کی سروس کوئٹہ کیلئے بحال کی جائے اور اب یہ ٹرین پشاور سے روانہ ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف ملکی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کا عمل جاری رہے گا، جعفر ایکسپریس کا دوبارہ چلنا ملک کی ترقی کا نشان ہے۔امیر مقام نے دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخوا کے عوام کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ جاری رکھا جائے گا، دہشت گردی کا مسئلہ پورے ملک کا ہے اور ہم سب نے اس کا مقابلہ کرنا ہے، تمام ریل گاڑیوں کی سکیورٹی کو بہتر بنایا گیا ہے۔