ویب ڈیسک: محرم الحرام کے دوران ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں پاک فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے، جس کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ اس کے تحت فوج چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سول اداروں کی مدد کے لیے موجود رہے گی۔ پاک فوج کے دستے پولیس اور رینجرز کے ساتھ مل کر حساس علاقوں میں مشترکہ گشت اور نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق بعض حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی، جبکہ فرقہ وارانہ کشیدگی کے خطرات کے باعث چند مقامات پر انٹرنیٹ سروس کی عارضی بندش پر بھی غور جاری ہے۔وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم کے دوران کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے اور امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔