کمشنر کے مرکزی امام بارگاہوں کے دورے ،منتظمین سے ملاقات

مرکزی امام بارگاہوں و جلوسوں کے روٹس کی تمام ضروریات کو یقینی بنایا جائیگا:زید بن مقصود
لاہور (کرائم رپورٹر ) کمشنر زید بن مقصود کا مرکزی امام بارگاہوں کے دوروں اور منتظمین سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے امام بارگاہ عطیہ اہل بیت نکلسن روڈ کا دورہ کیا اور امام بارگاہ کے منتظمین و لائسنس ہولڈرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اے سی شالامار ثاقب ترازی نے کمشنر کو عطیہ اہل بیت امام بارگاہ کے انتظامات بارے بریفنگ دی کہ مرکزی مانیٹرنگ، ریسکیو، میڈیکل کور، لائٹنگ، عارضی پبلک ٹوائلٹس، نکاسی آب انتظامات مکمل ہیں۔کمشنر نے امام بارگاہ عطیہ اہل بیت میں پروفیسر ڈاکٹر رضا علی سے ملاقات کی۔ مرکزی امام بارگاہوں کے منتظمین و لائسنس ہولڈرز نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔کمشنر نے کہا محرم انتظامات کی احسن ترین انداز میں تکمیل کو یقینی بنایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ مرکزی امام بارگاہوں و جلوسوں کے روٹس کی تمام ضروریات کو یقینی بنایا جائیگا، حکومتی ہدایات اور ایس او پی ز کیمطابق تمام انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر جائزہ بھی لیا جارہا ہے، ان کا مزید کہنا ہے کہ انتظامیہ کا منتظمین و لائسنس ہولڈرز سے مکمل رابطہ ہے محرم جلوس میں اوقات کی پابندی پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔