مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات پر 75ہزار اہلکار ،رضاکار تعینات

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ماہ صیام کے پہلے جمعتہ المبارک پر پنجاب پولیس نے بھرپور سکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے لاہور سمیت صوبہ بھر کی 36 ہزار 500 سے زائد مساجد، 2179 امام بارگاہوں اور 444 اقلیتی عبادت گاہوں کو سکیورٹی فراہم کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر 75 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار اور کمیونٹی رضا کار تعینات کیے گئے۔لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں پر 05 ہزار سے زائد افسران و اہلکار اور رضا کاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دی۔صوبہ بھر میں حساس مساجد، امام بارگاہوں پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹ اور 12 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز چیکنگ کے لئے استعمال کئے گے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ جمعتہ المبارک پر پولیس ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھے اور سکیورٹی بڑھا دی جائے،علما کرام، مشائخ عظام ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کا پرچار کریں۔مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی اور اہم مقامات کے اطراف میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری ہیں۔مساجد کمیونٹی کی اصلاح کا مرکز ہے اور سینئر افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل حل کریں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں اور مساجد منتظمین و امن کمیٹیوں کے ارکان سے رابطے میں رہیں۔