گڈو: دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس کے باعث نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ آئندہ چند گھنٹوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 40 ہزار 523 کیوسک ریکارڈ کی گئی، جبکہ پانی کا اخراج 3 لاکھ 3 ہزار 947 کیوسک رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیراج پر پانی کی آمد میں 57 ہزار 779 کیوسک کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے سیلابی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اگر دریائے سندھ میں پانی کی آمد اسی رفتار سے جاری رہی تو آئندہ چند گھنٹوں میں گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب بھی ڈکلیئر کیا جا سکتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب پانی کی سطح میں اضافے کے باعث کچے کے علاقوں میں رہنے والے مکین شدید تشویش کا شکار ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے ایریگیشن انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اور بروقت اقدامات دکھائی نہیں دے رہے، جس کے باعث لوگوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔انتظامیہ نے نشیبی اور دریا کے کنارے آباد علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے، سرکاری ہدایات پر عمل کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔