جہانیاں (آن لائن) نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے آفیسر کیپٹن راجا محمد سرور شہید کا 77 واںیوم شہادت 27جولائی اتوار کو منایا گیاوہ پاک فوج کے پہلے آفیسر تھے جنہیں نشان حیدراعزاز سے نوازا گیا۔یوم شہادت کے سلسلے میں جہانیاں سمیت مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔راجا محمد سرور شہید10نومبر1910ء کو ضلع راولپنڈی میں پیدا ہوئے آپ کے والد راجا حیات خان پاک فوج میں حوالدار تھے۔راجا سرور شہید نے15اپریل 1929ء کو فوج میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی۔1944ء میں آرمی انجینئر کور میں شمولیت اختیار کی اور 1946ء کو پنجاب رجمنٹ کی بٹالین میں کمپنی کمانڈر مقرر ہوئے اور 1947ء میں انہیں کیپٹن کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔جولائی 1948ء میں دشمن ملک کی فوج نے کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں حملہ کیاکیپٹن راجا سرورنے دشمن کے مورچوں پر حملہ کیا اور 27جولائی 1948ء کوسینے پر گولی کھا کر جام شہادت نوش کیاانہیں پاکستان کا پہلا نشان حیدر اعزاز عطاء کیا گیا۔