پنجاب: سیلاب سے مختلف اضلاع کے 120موضع جات متاثر ہوئے

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں،ترجمان
لاہور(آئی این پی)سیلاب کے باعث پنجاب بھر میں مختلف اضلاع کے کل 120 موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی فلڈ ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، صوبہ بھر میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں زیر آب آئے موضع جات دریائوں کے پاٹ میں موجود ہونے کے باعث جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔