کابینہ کی قانون سازی امور کمیٹی نے گرین بلڈنگ اور رین واٹر ہارویسٹنگ کوڈز منظور کرلئے
اسلام آباد(آن لائن)عمارتوں میں توانائی کی بچت اور پانی کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور کابینہ کی قانون سازی امور کمیٹی نے گرین بلڈنگ اور رین واٹر ہارویسٹنگ کوڈز منظور کرلئے ہیں۔بارش کا پانی جمع کرنے، فلٹر کرنے اور دوبارہ استعمال کا نظام لازمی کردیا گیا ہے۔کوڈ کا مقصد میونسپل پانی پر انحصار کم کرنا اور پانی کے بحران کا حل ہے۔گرین بلڈنگ اوررین واٹر ہارویسٹنگ کوڈز پاکستان انجینئرنگ کونسل نے تیار کیے۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت سی سی ایل سی اجلاس میں سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی، رجسٹرار پی ای سی نے دونوں بلڈنگ کوڈز پیش کیے۔ گرین بلڈنگ کوڈز 4 یا زیادہ منزلہ عمارتوں کے لیے قومی معیار متعین کریں گے۔ کوڈز میں توانائی، پانی کی بچت اور مقامی حیاتیاتی تنوع کا تحفظ شامل ہے۔ دونوں کوڈز وفاقی کابینہ کو حتمی منظوری کے لیے بھیجے جائیں گے۔وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کوڈز پورے پاکستان میں نافذ ہوں گے۔