وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس کا سیکشن 4 بی بحال کرتے ہوئے کیس کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات مسترد کردئیے:جسٹس امین الدین نے فیصلہ جاری کیا
ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو90سال پرانے پولیس میڈیکل رولز پر نظرثانی کرنے کی ہدایت ‘اسسمنٹ بورڈ امیدوار کی بینائی کا دوبارہ جائزہ لے:عدالت
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی آئینی عدالت نے سپر ٹیکس کیس کا فیصلہ جاری کردیا۔چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس کا سیکشن 4 بی بحال کرتے ہوئے کیس کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات مسترد کردئیے۔عدالتی فیصلے کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن4 بی 2015 سے برقرار رکھی جائے گی، پارلیمنٹ قانون سازی کے ذریعے لیوی ٹیکس عائد کرنے کی مجاز ہے۔دریں اثناء آئینی عدالت نے پنجاب پولیس میں کانسٹیبل کی بھرتی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کیا ہے جس میں وفاقی آئینی عدالت نے ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو90سال پرانے پولیس میڈیکل رولز پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کردی ۔جسٹس کریم خان آغا نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے میں مزیدکہاگیا ہے کہ پولیس رولز 1934 کے تحت بھرتی کے وقت طبی معائنہ سخت ہونا ضروری ہے ، جدید طبی سائنس اور ٹیکنالوجی کی روشنی میں بینائی سے متعلق قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے ،عدالت نے آئی جی پنجاب کو امیدوار کی بینائی کا دوبارہ معائنہ کرانے کی ہدایت کردی۔ معذور افراد کا اسسمنٹ بورڈ امیدوار کی بینائی کا دوبارہ جائزہ لے ، وفاقی آئینی عدالت کی امیدوار کو معذوری کوٹے یا دفتری کام کے لیے ایڈجسٹ کرنے پر غور کرنے کی تجویز دی ہے