وزیراعلی پنجاب نے سکولوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال لازمی قرار دیدیا

 حکومت ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کیلئے  اقدامات کر رہی ہے،ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سوچ اور کام کے طریقہ کار کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے:ورکشاپ سے خطاب
وزیراعلیٰ  نے ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر قائم کرنے کی منظوری دیدی‘ہر ضلع میں ایک ڈاکٹر اورنرس کوتین ما ہ کی سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ دی جائیگی
 فالج کے علاج کیلئے گولڈن آورز کی اہمیت مسلمہ ہے،آگاہی مہم خود لیڈ کروں گی، چاہتے ہیں کسی کو علاج کیلئے بڑے شہر نہ جانا پڑے: مریم نواز 
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے  صوبے کے تعلیمی نظام میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سوچ اور کام کے طریقہ کار کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اصلاحات اور موثر پالیسی سازی میں اے آئی کی معاونت ناگزیر ہو چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے امپاورنگ پنجاب ود اے آئی کے عنوان سے منعقدہ آفیشل ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا، جس میں صوبائی وزرا، پنجاب کابینہ کے ارکان اور گوگل کی ٹیم نے شرکت کی، ورکشاپ کے دوران پنجاب میں گوگل ٹیک ویلی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایڈوائزری بورڈ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ورکشاپ میں کابینہ کے ارکان کو گوگل کے جدید اے آئی ٹول جیمنائی کے مفید اور ذمہ دارانہ استعمال پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں آپریشنل پالیسی سازی، شعبہ جاتی اصلاحات اور دیگر سرکاری امور میں اے آئی کی معاونت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ اے آئی ٹولز کا ذمہ داری سے استعمال مثبت اور پائیدار تبدیلیاں لا سکتا ہے اور پنجاب حکومت ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔  دریں اثناء  مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔اجلاس میں ہر ڈی ایچ کیو میں نیورالوجسٹ اورپیڈزنیورالوجسٹ تعینات کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ہر ضلع میں ایک ڈاکٹر اورنرس کو فوری طورپر تین ما ہ کی سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ شروع کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فوری طورپر سٹروک پیشنٹ کیلئے ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم دیا۔ ضلعی ہسپتالوں کے ڈاکٹرفالج کے مریض کے فوری علا ج کیلئے سپیشلسٹ اورکنسلٹنٹ کے ٹیلی فونک رابطہ کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سٹروک مینجمنٹ سنٹر کیلئے نرسز ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی اور ریسکیورز سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ کرانے کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فالج کے علا ج کیلئے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فالج کے علاج کیلئے گولڈن آورز کی اہمیت مسلمہ ہے،آگاہی مہم خود لیڈ کروں گی۔پنجاب کے ہر چلڈرن ہسپتال میں سٹروک مینجمنٹ سینٹر بنائیں گے۔ چاہتے ہیں کہ کسی مریض کو علاج کیلئے بڑے شہر نہ جانا پڑے