میڈرڈ (آ ئی این پی )سپین نے 5 لاکھ غیر دستاویزی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہسپانوی وزیر برائے مائیگریشن ایلماسیز نے کہا کہ حکومت ایک حکم کی منظوری دینے جارہی ہے جس کے تحت تقریبا 5 لاکھ غیر دستاویزی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دی جائے گی۔ اس فیصلے سے وہ افراد فائدہ اٹھا سکیں گے جو کم از کم 5 ماہ سے سپین میں رہ رہے ہیں۔درخواست دینے والوں کا مجرمانہ ریکارڈ صاف ہونا ضروری ہوگا، یہ فیصلہ ان کے ان بچوں پر بھی لاگو ہوگا جو پہلے ہی سپین میں رہائش پذیر ہیں۔اس حوالے سے درخواستیں جمع کرانے کا عمل اپریل میں شروع ہونے کی توقع ہے اور جون کے آخر تک جاری رہے گا ۔ اس منصوبے کو ایک سرکاری فرمان کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، جس کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری ضروری نہیں ہوگی، کیونکہ سوشلسٹ قیادت والی اتحادی حکومت کے پاس وہاں اکثریت نہیں ہے