قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے پاکستانی کھلاڑیوں کے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
معین خان نے اداکارہ و میزبان اُشنا شاہ کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ ہنستے کھیلتے اور تصاویر بنواتے ہیں۔معین خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہماری کرکٹ ٹیم بھارت سے بہت آگے تھی، لیکن آج صورتحال مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جب کھلاڑی میدان میں ایسی حرکتیں کرتے ہیں تو حریف ٹیم کو مزید طاقت کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملتا ہے، جس سے پاکستانی ٹیم ذہنی طور پر پیچھے رہ جاتی ہے۔سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ اگرچہ ان کے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے تعلقات تھے اور ہیں، مگر کبھی بھی وہ میدان میں بھارتی کرکٹرز کے بیٹ چیک کرنے یا ان کے ساتھ سیلفیاں بنانے کی اجازت نہیں دیتے تھے۔ معین خان نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ انہوں نے ہمیشہ کھلاڑیوں کو سمجھایا کہ میدان میں جارحانہ رویہ اختیار کرنا ضروری ہے، لیکن حالیہ کرکٹرز کی جانب سے ایسا رویہ دیکھنا افسوسناک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے عظیم کھلاڑیوں کو کبھی بھی بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کرتے یا بیٹ چیک کرتے نہیں دیکھا۔