ملک بھر میں ڈرون اڑانے پر پابندی عائد

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)حکومت پاکستان نیسکیورٹی خدشات کے  پیش نظر ملک بھر میں ڈرون اڑانے پر پابندی لگا دی ۔ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملک میں کوئی کمرشل اور پرائیویٹ ڈرون نہیں اڑایا جائے گا،پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جو 2 ماہ تک نافذ العمل رہے گی، فیصلہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔علاوہ ازیں ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد نے بھی دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیاجس کے تحت دارالحکومت میں ڈرون، فینٹم اور کیم کاپٹر اڑانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں بغیر اجازت کسی بھی قسم کی یو اے وی پر مکمل پابندی ہوگی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور آئی سی ٹی انتظامیہ کے علاوہ کسی کو اجازت نہیں ہوگی۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر 60 دن بعد اس پابندی میں توسیع کر دی جاتی ہے، جس کے تحت پورے سال شہر میں ڈرونز و کواڈ کو پٹرز اڑانے پر پابندی عائد رہتی ہے ۔