اسلام آباد (آئی این پی ) وزارت تعلیم نے نجی تعلیمی اداروںکیلئے ڈیجیٹل سیفٹی ٹریننگ کو لازمی قرار دے دیا اور نویں جماعت سے اوپر کے طلبا کو بھی ڈیجیٹل سیفٹی کورس میں رجسٹریشن کی ہدایت کی ہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر نجی تعلیمی اداروں میں سائبر سیکیورٹی مضبوط بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزارت تعلیم نے نجی تعلیمی اداروں کے لیے ڈیجیٹل سیفٹی ٹریننگ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔پیرا کے اسکولز کو فوری طور پر سائبر سیکیورٹی کورس شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے لیے آن لائن سائبر سیکیورٹی کورس 8 مارچ تک مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔وزارت تعلیم نے نویں جماعت سے اوپر کے طلبا کو بھی ڈیجیٹل سیفٹی کورس میں رجسٹریشن کی ہدایت دی ہے تاکہ وہ موسم گرما کی چھٹیوں میں یہ کورس مکمل کر سکیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت تعلیم نے ای آئی اور دیگر ڈیجیٹل خطرات سے نمٹنے کے لیے سسکو کے ساتھ اشتراک کیا ہے، تاکہ تعلیمی اداروں میں طلبا اور اساتذہ کی ڈیجیٹل تحفظ کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔