ر اس جاب پورٹل کو انڈسٹری، نیو ٹیک اور دیگر متعلقہ اداروں سے منسلک کیا گیا ہے
لاہور (یواین پی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس میں اتھارٹی بورڈ کے 8 ویں اجلاس کی صدارت کی جس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ڈی جی پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی سارہ رشید نے ایجنڈا آئٹمز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2019 میں بعض ترامیم کی منظوری دی گئی۔ترامیم کی تجاویز منظور ی کیلئے پنجاب کابینہ کو بھجوائی جائیں گی کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی یہ ترامیم ادارے کے انتظامی معاملات، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہیں۔بورڈ نے ادارے کی ورکنگ کیلئے 3 نئی گاڑیوں کی خریداری اور مونوٹائزیشن کے عمل کی اصولی منظوری دی تاہم گاڑیوں کی خریداری فنانس ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت اور منظوری سے عمل میں لائی جائے گی۔ بورڈ نے عوام کی آگاہی کیلئے اتھارٹی کے اپنے فنڈز سے ورکشاپس،تربیتی پروگرامز،سیمنارز کے انعقاد اور تھرڈ پارٹی ایونیو ایشن کیلئے ادائیگی کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے منٹثس کی توثیق کی گئی جبکہ ادارے کی مختلف کمیٹیوں کی رپورٹس اور فنی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے حوالے سے پراگریس رپورٹ بھی پیش کی گئیں اور بعض ایجنڈا آئٹمز مؤخر کردیئے گئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار بنایا گیا جاب پورٹل پوری طرح فعال ہے اور اس جاب پورٹل کو انڈسٹری، نیو ٹیک اور دیگر متعلقہ اداروں سے منسلک کیا گیا ہے۔یہ پورٹل انڈسٹری کو ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت اور نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ادارے آن لائن رجسٹریشن حاصل کرسکتے ہیں فنی تعلیم کے اداروں کو رجسٹریشن کے آن لائن سسٹم کے ذریعے گھر کی دہلیز پر رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے۔