عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر اعتراضات عائد

اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے  بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر اعتراضات عائد کردیاہے اور درخواست واپس کردی ہے چیف جسٹس نے کہا  انسانی بنیادوں پر ہی میڈیکل چیک اپ کروایا گیا تھا۔آپ کی درخواست اعتراضات کے ساتھ کل واپس کی جا چکی ہے۔ آپ کی درخواستیں تاحکم ثانی زیر التوا رہیں گی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھہ چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست مقرر کرنے کی استدعا کی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ آپ کی درخواست اعتراضات کے ساتھ کل واپس کی جا چکی ہے۔ آپ کی درخواستیں تاحکم ثانی زیر التوا رہیں گی۔آپ کو 1992 سے جانتا ہوں، آپ کیا بول رہے ہیں اور کس چینل سے بول رہے ہیں سب سمجھ رہا ہوں۔انھوں نے یہ ریمارکس جمعہ کے روزدیے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کی ایسی کوئی درخواست زیر التوا نہیں جس پر کارروائی کی جا سکے۔اس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نے کل جلد سماعت کی درخواست دی تھی اور عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس پاکستان نے جواب دیا کہ عدالت نے حکم جاری نہیں کیا تھا بلکہ حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی، آپ عدالت کا فیصلہ دوبارہ پڑھ لیں، صحت کا ایشو زیر التوا نہیں ہے۔