پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت یا قومی سلامتی کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کو قوم کی عزت پر حملہ سمجھا جائے گا:قرارداد کا متن
اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ نے افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی جارحیت اور سرحدی دراندازی کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔جمعہ کو سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر شیری رحمن نے افغانستان کی جانب سے حالیہ جارحیت اور گولہ باری کے خلاف قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین، سفارتی اصولوں اور پڑوسی ممالک کے ساتھ امن پسندانہ تعلقات کی خلاف ورزی ہیں۔ سینیٹ نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت یا قومی سلامتی کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کو قوم کی عزت پر حملہ سمجھا جائے گا اور اس کا "مضبوط، متناسب اور فیصلہ کن جواب" دیا جائے گا۔ قرارداد میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا خراج تحسین پیش کیا گیا۔