5لاکھ ٹن سے زائد آلو کی برآمد کے آرڈر مل گئے پاکستان کی جانب جو میلی آنکھ اٹھے گی نوچ لی جائیگی مریم نواز

 ایگریکلچر انٹرنز کو’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام میں شامل کرنے   اورایگریکلچر انٹرنز کا ماہانہ وظیفہ 70ہزار روپے کرنے کی منظوری
 پنجاب میں 400منی ڈیم مکمل،10ہزار ڈیزل ٹیوب کی سولرائزیشن سکیم کی منظوری‘لاہور میں10 پائلٹ پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایگریکلچر انٹرنز کو’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایگریکلچر سیکٹر میں ریفارمز کے لئے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں آلو کے کاشتکاروں کے لئے 5 لاکھ ٹن سے زائد ایکسپورٹ کے آرڈرزکے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایگریکلچر انٹرنز کا ماہانہ وظیفہ 70ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ’’روف ٹاپ ہائیڈرو پونک‘‘ پراجیکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دو مرلہ چھت پر 280 سے 350 پودے لگائے جا سکیں گے۔ پولیتھین شیٹ اور مخصوص سٹرکچربنا کر گھر کی چھت پر 10سے زائد قسم کی سبزیاں اگائی جا سکیں گی۔ ’’ہائیڈروپونک‘‘پراجیکٹ کے ذریعے سبزیوں کی 32گنا تک زائد پیداوار حاصل کی جا سکے گی۔ اجلاس میں ’’روف ٹاپ ہائیڈرو پونک‘‘ پراجیکٹ کے تحت ہاؤسنگ سوسائیٹوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے لاہور میں 10 پائلٹ پراجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں 10ہزار ڈیزل ٹیوب کی سولرائزیشن سکیم کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 2028تک 28ہزار سپر سیڈرز دینے کا ہدف مقرر کر دیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پوٹھوہار ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پنجاب میں 400منی ڈیم مکمل ہوگئے۔ تھل ایریا کی7 ملین ایکڑ اراضی کو’’ٹرانسفارمیشن آف ایگریکلچر ان تھل‘‘ ایریا کے تحت قابل کاشت بنایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور کی منظوری دے دی۔ گرین ٹریکٹر پروگرام فیز فور میں ہائی ہارس پاور ٹریکٹر پر 15لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کم ہارس پاور ٹریکٹر پر سبسڈی 5لاکھ سے 7 لاکھ روپے تک کرنے کی ہدایت کی‘دریں اثناء  مریم نواز نے دشمن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش  کرتے ہوئے کہا ہے    آپریشن غضب للحق کی فیصلہ کن کارروائی کو پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی   ہے۔ جاری بیان کے مطابق  مریم نوازشریف کا کہناتھا کہ پاکستان کی جانب جو میلی آنکھ اٹھے گی،نوچ لی جائے گی،جو ہاتھ اٹھے گا توڑ دیا جائے گا،سلام ہے ان غازیوں پر جنہوں نے ثابت کیا کہ پاکستان کی سرحدیں ناقابلِ عبور ہیں،آپریشن غضب للحق خوارج  کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ، پاکستان کی سرحدیں آہنی دیوار ہیں ٹکرانے والا ہر فتنہ پاش پاش ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، جو زبان دشمن کو سمجھ آتی ہے، اب اسی زبان میں اسے جواب دیا جائے گا، پاکستان ناقابلِ تسخیر تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔