اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے سینیٹ الیکشن 2024 میں کاغذات نامزدگی کی تفصیلات فراہمی کے حوالے سے دائر کیس کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔
ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اس کیس کو موسم سرما کی تعطیلات کے باعث نو اسکوپ (موخر) میں ڈال دیا ہے، اور اس کا شیڈول فی الحال موخر کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل اس کیس کی سماعت 31 دسمبر کو مقرر کی گئی تھی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے 10 روز کے اندر جواب طلب کیا تھا۔ درخواست میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے سینیٹ الیکشن میں کاغذات نامزدگی کی مصدقہ کاپی کی فراہمی کی استدعا کی گئی ہے۔
یہ درخواست ایڈوکیٹ سردار عبدالرازق کے ذریعے ایڈوکیٹ عمیر شفیق مغل نے دائر کی تھی، جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ محسن نقوی کے کاغذات نامزدگی کی مصدقہ کاپی فراہم کی جائے تاکہ اس کی تصدیق کی جا سکے۔ابھی تک یہ کیس متعلقہ فریقین کے جوابات کے بغیر ملتوی ہو چکا ہے، اور آئندہ سماعت کے لیے کوئی نئی تاریخ مقرر کی جانی باقی ہے۔