چیئرمین پی اے سی کا فیصلہ میں کروں گا، کوئی حکومتی عہدیدار نہیں:عمران خان

چیئرمین پی اے سی کا فیصلہ میں کروں گا، کوئی حکومتی عہدیدار نہیں:عمران خان

قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین کی نامزدگی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے اپنے دیے گئے نام پر فل اسٹاپ لگاتے ہوئے عہدے کے لیے شیخ وقاص اکرم کا نام برقرار رکھا اور کہا ہے کہ اس حوالے سے فیصلہ وہ کریں گے، کوئی حکومتی عہدیدار نہیں۔

ذرائع کے مطابق، عمران خان نے پی ٹی آئی کی قیادت کو سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سے چیئرمین پی اے سی کون ہوگا، فیصلہ وہ کریں گے، شہباز شریف یا دیگر حکومتی عہدیدار نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی طرف سے چیئرمین پی اے سی کے لیے پہلا، دوسرا، تیسرا اور چوتھا نام بھی شیخ وقاص اکرم ہی ہوگا۔ذرائع کے مطابق، سابق وزیراعظم نے پی اے سی چیئرمین شپ نہ ملنے پر قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے بھی استعفی دینے کا عندیہ دیا ہے۔چیئرمین پی اے سی کے لیے طارق فضل چوہدری کی جانب سے دو بار خط لکھا گیا تھا۔

 پی ٹی آئی نے پہلے جوابی خط میں شیخ وقاص اکرم کا نام دیا تھا، دوسرے خط میں مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ کی جانب سے 4 ناموں کا پینل مانگا گیا تھا۔ اس پر پی ٹی آئی نے عمران خان کی مشاورت کے بعد شیخ وقاص اکرم کا نام مقرر رکھا تھا اور ان کا پہلا، دوسرا، تیسرا اور چوتھا نام بھی شیخ وقاص اکرم ہی ہوگا۔پی ٹی آئی اپنا حتمی جواب آئندہ ہفتے جمع کروائے گی۔