کوئی پارٹی میں آئے یا جائے فرق نہیں پڑتا، عمران خان ہی اہم ہیں، علیمہ خان

کوئی پارٹی میں آئے یا جائے فرق نہیں پڑتا، عمران خان ہی اہم ہیں، علیمہ خان

راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی میں کسی کا آنا یا جانا کوئی فرق نہیں ڈالتا، عمران خان ہی پارٹی کے لیے اہم ہیں۔

اڈیالہ جیل پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ انہیں اڈیالہ جیل کے قریب 2 کلومیٹر پہلے روکا گیا تھا، اور اس سے قبل بھی ایسا ہی ہوا تھا، تاہم کسی دوسرے کو روکا نہیں جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں بتایا گیا کہ وہاں سرچ آپریشن ہو رہا ہے۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ وکلا اور انہیں روکا گیا ہے اور جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوگی، وہ کہیں نہیں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات ضروری ہے تاکہ یہ تسلی کی جا سکے کہ بانی پی ٹی آئی کی حالت ٹھیک ہے۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی اور کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی صحت خراب ہو اور اسے ملاقات سے روکا جائے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ آپریشن چل رہا ہے، اور سوال اٹھایا کہ یہ کیا نوعیت کا آپریشن ہے جس میں سب کو جانے کی اجازت ہے سوائے ان کے۔آخر میں علیمہ خان نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کی صحت اور حفاظت ان کے لیے سب سے اہم ہے اور 10 دن تک قید تنہائی میں رہنا ان کے لیے بہت اہم مسئلہ ہے۔