کراچی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین بنگالی خواتین کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے جعلسازی سے پاکستانی قومی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے۔
یہ خواتین عائشہ ناز، حنا ناز اور افشاں ناز ہیں، جو 2022 سے ایف آئی اے کے لیے مطلوب تھیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزمان نے ایک ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹس حاصل کیے۔ یہ سرٹیفیکیٹس لیاقت آباد ٹاؤن کی سیکرٹری یونین کونسل، رضویہ سوسائٹی سے جاری کیے گئے تھے۔ ان دستاویزات کی بنیاد پر ان خواتین نے نادرا سے قومی شناختی کارڈ حاصل کیا۔
ایف آئی اے نے خواتین کو گلشن اقبال کے علاقے سے گرفتار کیا اور ان سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔تفتیش میں یہ بھی شامل ہے کہ نادرا کے اہلکاروں کا اس جعلسازی میں کوئی کردار تھا یا نہیں، اور ان کی سہولت کاری میں ملوث دیگر افراد کو بھی پکڑا جائے گا۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، ملزمان کی نشان دہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں اور اس معاملے میں تحقیقات کو مزید وسیع کیا جائے گا۔