وفا ق کو سوچنا چاہیے سندھ کے لوگ گیس اور بجلی کی لوڈ شیدنگ کے بحران سے گزر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ
سکھر (آئی این پی )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ سندھ کے لوگ گیس اور بجلی سے محروم ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ملک بھر میں ستر فیصد گیس فراہم کر رہا ہے، قانون کے مطابق سندھ کے لوگوں کو سب سے زیادہ گیس ملنی چاہیے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ سندھ کے لوگ گیس اور بجلی سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو سوچنا چاہیے کہ سندھ کے لوگ گیس اور بجلی کی لوڈ شیدنگ کے بحران سے گزر رہے ہیں، سندھ حکومت لوگوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے سولرائزیشن کے پروگرام پر عمل کر رہی ہے، سندھ میں سولرائزیشن کا کام جاری ہے، ہم نے آج سے تقریباً 12سال پہلے سولرائزیشن کا کام شروع کیا، پہلے مرحلے میں سرکاری اداروں کو سولرائزیشن کر رہے ہیں، دو کراچی اور ایک جامشورو میں سولر پارکس بنا رہے ہیں، سستی سولر بجلی بنا کر گرڈ سٹیشنز کو دے کر عوام کو فائدہ فراہم کریں گے، دو لاکھ سولر ہومز سسٹم غریبوں کو فراہم کر رہے ہیں، مزید پانچ لاکھ سولر ہومز سسٹم کا پراجیکٹ شروع کرنے والے ہیں۔