مہنگائی میں تیزی سے اضافہ‘17اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں

ایک  ہفتے کے دوران 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی ، 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا:ادارہ شماریات
  اسلام آباد (آئی این پی ) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں0.80 فیصد اضافہ ہواہے اور سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح 4.64 فیصد سے بڑھ کر5.08 فیصد ہوگئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جمعہ کو مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں 17اشیا مہنگی اور 10 اشیا سستی ہوئیں جبکہ24 اشیا کی قیمتیں مستحکم  رہیں، حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمتوں میں20.75 فیصد،چکن کی قیمتوں میں 22.47 فیصد، چینی2.19فیصد، بیف 0.69 فیصد،سرسوں کا تیل  0.69 فیصد، کوکنگ آئل0.74فیصد، ایل پی جی 0.18فیصد،جلانے والی لکڑی 0.95 فیصد اورگھی کی قیمتوں میں0.91 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق دال چنا کی قیمتوں میں0.78فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 1.28 فیصد، پیازکی قیمتوں میں8.13فیصد،آلو  2.38 فیصد،انڈے 0.30فیصد،کیلا 0.68 فیصد، اور ٹوٹاچاول کی قیمتوں میں0.15فیصد کمی واقع ہوئی۔