ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ و ڈانسر نورا فتیحی سکیش چندرشیکھر سے متعلق 200 کروڑ روپے کے مبینہ بھتہ خوری اور منی لانڈرنگ کیس میں اپنا نام آنے کے وقت کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں اور کیمرے کے سامنے رو پڑیں۔نورا فتیحی نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیش چندرشیکھر تنازع نے میری زندگی اور کیریئر پر گہرا اثر ڈالا اور اس دوران مجھے بہت سے برانڈز اور کام سے ہاتھ دھونا پڑا۔نورا فتیحی نے کہا کہ میں اس صورتحال سے شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوئی، والدہ مجھے اور اپنی تربیت کو اچھی طرح جانتی ہیں، جبکہ دوست بھی میری شخصیت سے واقف ہیں، لیکن جو لوگ مجھے نہیں جانتے تھے، وہ میرے بارے میں کہی جانے والی باتوں پر یقین کرسکتے تھے۔اداکارہ نے کہا کہ وہ ایک انتہائی حساس دور تھا اور ایک معمولی سی بات کی وجہ سے میں نے بہت سے برانڈز اور کام کھو دیے، آج بھی بعض لوگ میرا نام سکیش چندرشیکھر کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں اسے جانتی تھی یا اس کے ساتھ تعلقات میں تھی، حالانکہ یہ سچ نہیں۔