صدر مملکت کا سیلاب و بارشوں پر اظہار افسوس، متاثرین کے ساتھ ہمدردی

صدر مملکت کا سیلاب و بارشوں پر اظہار افسوس، متاثرین کے ساتھ ہمدردی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے کسانوں کی کھڑی فصلوں اور مویشیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جو قومی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔انہوں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ ممکنہ بڑے سیلابی ریلے کے خطرے کے پیشِ نظر فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ کی طرح مشکلات کا سامنا حوصلے اور عزم کے ساتھ کرے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2010 اور 2022 کے تباہ کن سیلابوں میں بھی قوم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور سرخرو ہوئی۔مزید برآں، صدر مملکت نے آزمائش کی اس گھڑی میں پاک افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی شاندار مثال قائم کی ہے اور اس بار بھی متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں سب سے آگے ہوں گی۔