نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب متاثرین سے اظہار افسوس، کمیونٹی ملاقات منسوخ

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب متاثرین سے اظہار افسوس، کمیونٹی ملاقات منسوخ

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے۔

اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور وفاقی و صوبائی ادارے، مسلح افواج اور مقامی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ہنگامی اجلاس کی صدارت کی ہے جس میں امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ ان کا طویل عرصے سے طے شدہ برطانیہ کا دورہ جاری رہے گا، تاہم دورے کے دوران صرف سرکاری ملاقاتیں ہی کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی پاکستانی کمیونٹی سے طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی گئی ہے تاکہ غمزدہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے اور قومی ریلیف کوششوں پر توجہ مرکوز رہے۔

نائب وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ پاکستانیوں کے لیے دعا کریں اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔واضح رہے کہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 321 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔