پی سی بی کا تاریخی اقدام: 65 ویمن کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس فراہم

پی سی بی کا تاریخی اقدام: 65 ویمن کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس فراہم

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹ کے فروغ اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 65 ویمن کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس جاری کر دیے ہیں۔

 یہ کنٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک مؤثر رہیں گے۔پی سی بی کے مطابق 20 کھلاڑیوں کو گولڈ کیٹیگری جبکہ 45 کھلاڑیوں کو سلور کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ منتخب شدہ 65 خواتین کھلاڑیوں میں 6 انٹرنیشنل کرکٹرز، 23 انڈر-19 کھلاڑی اور 19 ایمرجنگ کرکٹرز شامل ہیں۔کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی کے ارکان، سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق اور سابق کپتان بتول فاطمہ کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ کمیٹی نے کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی، موجودہ ٹیلنٹ اور مستقبل کے پوٹینشل کو بنیادی معیار بنایا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق یہ فہرست حتمی نہیں ہے بلکہ مزید کھلاڑیوں کے لیے بھی دروازہ کھلا ہے۔ اچھی کارکردگی دکھانے والی خواتین کرکٹرز کو آئندہ مرحلے میں بھی ڈومیسٹک کنٹریکٹس دیے جا سکتے ہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو کرکٹ کی طرف راغب کرنا، انہیں مالی استحکام فراہم کرنا اور ڈومیسٹک ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ مستقبل میں قومی ویمنز ٹیم کے لیے باصلاحیت کھلاڑی دستیاب ہوں۔