ستمبر کے ابتدائی دس ایام میں مون سون کا آخری سپیل آئیگا:مصدق ملک

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے توانائی مصدق ملک نے  کہا ہے  ستمبر کے ابتدائی دس ایام میں مون سون کا آخری سپیل متوقع ہے اور حکومت کی پوری کوشش ہے  اس دوران کم سے کم نقصان ہو۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر  توانائی  نے کہا    وزیراعظم شہباز شریف نے تمام چیف سیکرٹریز کو ہدایت جاری کردی ہیں کہ بارشوں اور طغیانی سے نمٹنے کے لئے فوری اور موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کہ اس وقت مشرقی دریائوں، خصوصا ستلج، راوی اور چناب میں طغیانی ہے جس سے کئی علاقے متاثر ہورہے ہیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ حکومت صرف صورتحال کا جائزہ نہیں لے رہی بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسی علاقے میں بڑا نقصان نہ ہو، وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ یہ قومی ذمہ داری ہے اور کوئی یہ نہ کہے کہ یہ صوبے یا تحصیل کا معاملہ ہے،تحصیل اور ضلع سے لے کر پورے صوبے کی ذمہ داری ہماری ہے۔ انہوں نے کہا  تمام شہروں اور علاقوں میں آئندہ سال کے مون سون کے لئے بھی پہلے سے تیاری کی جائے گی تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔