مکہ مکرمہ میں پاکستانی حجاج کی آمد، روح پرور مناظر اور شاندار استقبال

مدینہ منورہ سے قافلے مکہ پہنچنے لگے، پھولوں، زمزم اور کھجوروں سے ضیوف الرحمن کی تواضع
 حرم تک ٹرانسپورٹ، حرم گائیڈز، معیاری خوراک اور رہائشی خدمات کے لیے خدام الحجاج تعینات 
 اسلام آباد ،مکہ مکرمہ ( آن لائن) حج 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستانی عازمین حج کے اولین قافلے مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جہاں ان کا پرتپاک اور روح پرور استقبال کیا جا رہا ہے۔ سفید احراموں میں ملبوس حجاج کرام کی آمد سے شہر کا ماحول روحانیت سے معطر ہو گیا ہے۔وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق مکرمہ پہنچنے والے پاکستانی عازمین کا والہانہ خیرمقدم کیا گیا، اس موقع پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ زمزم، کھجوروں اور ٹھنڈے مشروبات سے مہمان نوازی کی گئی۔ حجاج کرام نے اس پرخلوص استقبال پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے چیف کوآرڈینیٹر مکہ ڈاکٹر مرزا علی محسود، کوآرڈینیٹر رہائش، خوراک و ٹرانسپورٹ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج مکہ عارف اسلم راو اور ڈپٹی ڈائریکٹر حج عزیز اللہ خان سمیت دیگر افسران کے ہمراہ مختلف رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے حجاج سے ملاقاتیں کر کے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ترجمان کے مطابق عازمین کے پہلے عمرہ کی ادائیگی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مین کنٹرول آفس مکہ کے تحت حرم تک ٹرانسپورٹ، حرم گائیڈز، معیاری خوراک اور رہائشی خدمات کے لیے خدام الحجاج تعینات کر دیے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض پرسکون اور منظم ماحول میں ادا کر سکیں۔