پہلگام واقعہ:بی جے پی رہنما بوکھلاہٹ کا شکار، اینٹینا کو خفیہ ڈیوائس سمجھ بیٹھے

بی جے پی رہنما کا دعویٰ غلط ثابت ہوا، ان افراد کا تعلق کشمیر سے نہیں تھا، بھارتی میڈیا
 نئی دہلی (آئی این پی )پہلگام واقعے پر بی جے پی رہنما بوکھلاہٹ کا شکا ر ہوگئے ،بی جے پی رہنما نے دعوی ٰکیا ہے کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 2 افراد نے کولکتہ کے جنوبی علاقے میں واقع ایک عمارت کے اندر وائرلیس ڈیوائس خفیہ طور پر نصب کی ہے۔بھارت میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کی قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کے رہنما سوبندو ادھکاری نے دعوی ٰکیا کہ دو کشمیری نوجوانوں نے کولکتہ کے جنوبی علاقے میں باروپور کی ایک عمارت کی چھت پر ہائی پرفارمنس وائرلیس ڈیوائس خفیہ طور پر نصب کی۔سوبندو ادھکاری نے وائرلیس ڈیوائس کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ایک اینٹینا دکھائی دے رہا ہے۔ تاہم بی جے پی رہنما کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا کیوں کہ ان افراد کا تعلق کشمیر سے نہیں تھا اور اینٹینا دراصل بھارتی ٹیلی کام کمپنی جیو فائبر انٹرنیٹ کنکشن کا حصہ تھا۔ سوبندو ادھکاری نے اس تنصیب کو مشکوک سرگرمیوں سے جوڑنے کی کوشش کی اور ریاستی پولیس اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔