پاکستان ایٹمی قوت ہے، بری نیت سے آنکھ اٹھانے والا مدتوں یاد رکھے گا،وفاقی وزیر کی کارکنوں سے گفتگو
نارنگ منڈی؍ شرقپور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مودی پہلگام فالز فلیگ کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتا ہے۔نارنگ منڈی اور شرقپور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویرحسین کا کہنا تھا کہ جنگی اقدام مودی کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوگا، پاکستان ایٹمی قوت ہے، بری نیت سے آنکھ اٹھانے والا مدتوں یاد رکھے گا،امریکا نے پہلی بار نیوٹرل رہنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا جان چکی ہے، پہلگام واقعہ میں پاکستان شامل نہیں، ہم پہلگام واقعہ کی مذمت کرکے غیرجانبدار انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستان کی سفارتی پوزیشن بہتر ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار دوست ممالک سے رابطے میں ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ عوام افواج اور اداروں کے ساتھ مگر بدقسمتی سے بانی پی ٹی آئی آج بھی دشمن کے ساتھ کھڑا ہے،پاک بھارت کشیدگی قوم اور ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے، سیاسی نہیں جس پر بانی کی منتیں کی جائیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ انڈیا نے اگر کوئی ایڈوینچر کیا تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ انڈیا کا بچہ بچہ یاد رکھے گا، پاکستان اس پوزیشن میں ہے کہ یہ معرکہ کامیاب طریقے سے سر کریں، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے، عالمی دنیا سمجھتی ہے کہ پاکستان اس دہشت گردی میں ملوث نہیں۔