کراچی (آئی این پی )سندھ کابینہ میں رد و بدل کردیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی سے محکمہ بلدیات کا قلمدان لے کر ناصر حسین شاہ کو سونپ دیا گیا جب کہ سعید غنی کو لیبر اینڈ سوشل پروٹیکشن کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔جمعے کو سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کیا گیا ہے جس کے تحت کئی وزرا اور مشیروں کے قلمدان تبدیل یا نئے محکمے تفویض کر دیے گئے ہیں۔سعید غنی سے بلدیات کا قلمدان واپس لے کر انہیں لیبر اینڈ سوشل پروٹیکشن کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس ناصر حسین شاہ کو محکمہ بلدیات کا قلمدان سونپا گیا ہے جب کہ سید ناصرحسین شاہ توانائی کے ساتھ اب وزیر بلدیات بھی ہوں گے۔شاہد تھہیم کو وزیر محنت کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور انہیں وزیر صحت مقرر کیا گیا ہے جب کہ جام خان شورو پر مزید بوجھ ڈال کر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا محکمہ بھی ان کے حوالے کردیا گیا ۔مخدوم محبوب سے امداد کا محکمہ واپس لے کر انہیں محکمہ خوراک کا وزیر بنایا گیا جبکہ مشیر جبار خان سے خوراک کا قلمدان واپس لے کر انہیں مشیر برائے امداد مقرر کیا گیا۔ معاون خصوصی علی راشد کو محکمہ آئی ٹی کا قلمدان مل گیا ہے۔ اسماعیل راہو کو صوبائی وزیر مقرر کر دیا گیا اور انہیں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی ذمہ داری دی گئی ۔