کراچی (آئی این پی)سندھ کابینہ میں وزراء کے قلمدانوں میں ردوبدل کے بعد سینئر وزیرشرجیل انعام میمن سے ایکسائز ، نجمی عالم سے فشریز، لائیو سٹاک اور محمدعلی ملکانی سے بورڈ اینڈ یونی ورسٹی کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مکیش کمار اور بابل خان بھیو دوبارہ سندھ کابینہ کا حصہ بن گئے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے تین ایڈوائز اور 10معاونین خصوصی کو بھی قلمدان سونپ دئیے گئے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایکسائز کا قلمدان واپس لے کر مکیش کمار چائولہ کو وزیر ایکسائز تعینات کر دیا گیا، محمد علی ملکانی سے بورڈ اینڈ یونی ورسٹی کا قلمدان واپس لے کر لائیو سٹاک اینڈ فشریز کا وزیر بنا دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کابینہ میں دوست علی راہموں کو وزرات سے ہٹاکر مشیر بنادیا گیا جبکہ بابل خان بھیو محکمہ جنگلات کے مشیر تعینات ہوں گے، اسی طرح نجمی عالم سے فشریز اور لائیو سٹاک کا قلمدان واپس لے لیا گیا وہ اب مشیر کچی آبادی مقرر ہوں گے۔نئی کابینہ میں لال چند اکرانی سپیشل اسسٹنٹ اقلیتی امور ہوں گے، سرفراز راجڑ سوشل پروٹیکشن کے معاون خصوصی ہوں گے اور قاسم نوید قمر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے معاون خصوصی ہوں گے۔